لاہور(این این آئی)سرکاری اداروں کے نام پر ہزاروں جعلی گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کاانکشاف ہوا ہے جبکہ سیکڑوں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا بھی سراغ لگا لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ ایکسائز کی جانب سے جعلی گاڑیوں کی رجسٹریشن سکینڈل میں پیشرفت سامنے آئی،سرکاری اداروں کے نام پر ہزاروں جعلی گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں، متعلقہ سرکاری ادارے نے تردیدی خط اینٹی کرپشن کو ارسال کردیا اور نیلام گاڑیوں کے جعلی واؤچرز کی تصدیق کر دی۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ادارے نے مذکورہ گاڑیوں کونیلام نہیں
کیا، مفاد کنندگان کی طرف سے دکھائے گئے واؤچر جعلی ہیں۔اینٹی کرپشن حکام نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز لاہور کے چند افسران نے جعلی گاڑیاں رجسٹر کیں، جس سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا، مفاد کنندگان کے بینک اکاؤنٹ سے کروڑوں کی ٹرانزیکشن کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ سیکڑوں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا بھی سراغ لگالیا ہے، محکمہ ایکسائز لاہورمیں لگژری نان کسٹم پیڈگاڑیاں رجسٹرڈ ہوتی رہیں، ایکسائز کے افسران کی ملی بھگت سے مفاد کنندگان اربوں پتی بن گئے۔