اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ ن کے سینٹر مشاہداللہ خان کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ایچ الیون کے قبرستان میں تدفین کر دی گئی ۔ مشاہداللہ خان کے نماز جنازہ میں ن لیگ کے مرکزی رہنمائوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق
رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔سیاسی رہنمائوں نے مشاہداللہ خان کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹر مشاہداللہ خان کی نمازجنازہ ادا کرنے کے بعد انکی تدفین ایچ الیون کے قبرستان میں کی گئی، نماز جنازہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر، مسلم لیگ ن کے رہنمائوں شاہد خاقان عباسی،راجہ ظفرالحق ،اقبال ظفرجھگڑا،سردار ایاز صادق، مصدق ملک ، جے یوآئی کے رہنما مولانا عطاالرحمان، پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب ،شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنمائوں نے افسوس کااظہارکیا ،صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ،مولانافضل الرحمان ،وزیراطلاعات شبلی فراز،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت سیاسی شخصیات نے سینیٹر مشاہداللہ کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیا۔ مشاہد اللہ کا شمار مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ مسلم لیگ کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر رہے۔