اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان اسلام آباد میں انتقال کرگئے.نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے مشاہداللہ خان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے علالت کا شکار تھے.مشاہداللہ خان کے صاحبزادے ڈاکٹر افنان اللہ خان نے ٹوئٹر پر اعلان
کیا کہ ان کے والد کی نماز جنازہ نماز ظہر کے بعد ایچ الیون قبرستان اسلام آباد میں ادا کی جائے گی.دوسری جانب چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ایوان بالا کے رکن اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما سینٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمعرات کو اپنے تعزیتی پیغام میں چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ مشاہد اللہ خان ایوان بالا کے ایک انتہائی فعال رکن تھے، انکی وفات سے ملک ایک مدبرسیاستدان اور ہم ایک بہترین دوست سے محروم ہوگئے ہیں۔ سینٹر مشاہد اللہ خان کی وفات ہمارے لیے انتہائی دکھ اور رنج کی گھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ مشاہد اللہ خان کی ملکی سیاست اور پسماندہ طبقات کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے۔ انہوں نے مرحوم سینٹر کے اہل خانہ ، رفقاء اور احباب کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔دریں اثنا وزیر داخلہ شیخ رشید
احمد نے مسلم لیگ( ن )کے رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ مشاہد اللہ ایک متحرک سیاسی کارکن اور پارلیمنٹیرین تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کواپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔