نوشہرہ(آن لائن ) نوشہرہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ ختم ہونے کے بعد بھگڈر مچ گئی جس کے نتیجے میں 11افراد زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو زرائع کے مطابق واقعہ اسٹیڈیم کے گیٹ میں رش کے باعث پیش آیا ۔جلسہ کے اختتام پر کئی افراد عجلت میں نکلتے ہوئے اسٹیڈیم کے باہر نالے میں گر گئے ۔ زخمیوں میں 9 افراد کو قاضی کمپلیکس اور 2
افراد کو ڈی ایچ کیو منتقل کردیا ۔ زخمیوں میں چار افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے نوشہرہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی کی طرح عمران حکومت کو دھکے سے چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ، عمران حکومت نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کررہی ہے ، اپوزیشن کو نیب گردی کا نشانہ بنا رہا ہے لیکن وہ دن دور نہیں کہ جب قوم نیب کو انتقام کا نشانہ بنائے گی، دوسروں پر کرپشن کے بہتان لگانے والے اپنی حکومت پر نظر دوڑائیں ان کی حکومت میں سارے بین الااقوامی چور لٹیرے اور ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں آٹا مافیا ، چینی مافیا ، ادویات مافیا کی وجہ سے قوم کی قوت خرید جواب دے گئی ہے غریب کا جینا محال ہو گیا ہے اور ان تما م مافیاز کا سرغنہ عمران خان ہے نواز شریف کی حکومت میں ترقی کی شرح 5.7فیصد تھی اور ثاقب نثارکے صادق و امین کی حکومت میں ترقی کی شرح 0 سے بھی نیچے ہے اب وقت آگیا کہ ملکی ترقی کے سفر کو رکنے والوں کا احتساب کیا جائے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نوشہرہ پی کے 63میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام ، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر انجینئر ہمایوں خان ، جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر سینٹر مولانا عطا الرحمان پی کے 63کے امیدوار اختیار ولی خان نے بھی خطاب کیا ۔