کراچی (این این آئی) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے ساتھیوں نے ایس ایس پی ملیرکے دفتر کا دروازہ توڑ نے کی کوشش کی ، جس کے بعد پولیس کی مزید نفری ایس ایس پی ملیر کے دفترپہنچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کے ساتھیوں نے
ایس ایس پی ملیرکے دفتر میں ہنگامہ آرائی کی اور ڈنڈابردارمشتعل افراد کی جانب سے دروازہ توڑ نے کی کوشش کی گئی اور لوہے کے مرکزی دروازے کو باہر سے لاتیں ماری گئیں۔صورتحال کی پیش نظر پولیس کی مزید نفری ایس ایس پی ملیر کے دفترپہنچ گئی جبکہ واٹرکینن بھی طلب کرلی ہے۔دوسری جانب حلیم عادل شیخ اورساتھیوں کیخلاف تھانہ میمن گوٹھ میں درخواست جمع کرادی گئی ہے ، پی پی عہدیداران نجم جوکھیو،عزیز اللہ جوکھیو وردیگر نے درخواست جمع کرائی، درخواست میں میں حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں پولنگ پر مسلح حملے کا ذکر ہے۔یاد رہے الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کو حلقے سے باہر جانے کا حکم دیا تھا ، جس کے بعد پولیس نے الیکشن کمیشن کے احکامات نہ ماننے پرحلیم عادل شیخ کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ حلیم عادل شیخ کو باقاعدہ حراست میں لے لیا گیا ہے ، الیکشن کمیشن احکامات کے بعد ان کو حراست میں لیا گیا ، قانونی مشاورت کے بعد گرفتاری کا بتائیں گے۔عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ دیکھا جائے گا کہ گرفتاری کس دفعات کے تحت کی جائے ، میمن گوٹھ تھانے میں ممکنہ طور پر مقدمہ درج کیا جائے گا ، حلیم عادل شیخ کیسوا تمام رہنماں کو جانے کی اجازت ہے۔