اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کو پیغام بھجوایا گیا ہے کہ وہ براڈ شیٹ کے معاملے کو نہ دیکھیں، معاملے کی سنجیدگی کو بھانپتے ہوئے چیئرمین پی اے سی رانا تنویر
اور اسپیکر اسمبلی اسد قیصر کے مابین ملاقات کا جلد امکان ہے، چیف وہپ عامر ڈوگر ملاقات کرائیں گے،روزنامہ جنگ میں عاطف شیرازی کی شائع خبر کے مطابق پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی رانا تنویر کی زیر صدارت ان کیمرہ ہوا ،ذرائع نے بتایا کہ ان کیمرہ سیشن میں کابینہ اجلاس میں پبلک اکاونٹس کمیٹی پر کرپشن کا الزامات کے معاملے کو بھی زیر بحث لایا گیا، سیکرٹری کابینہ نے پی اے سی کو جوابی خط لکھ کر واضح کر دیا کہ کابینہ کے اجلاس میں پبلک اکاونٹس کمیٹی پر کسی قسم کا کوئی الزام نہیں لگایا گیا اور نہ ہی ایسی کوئی بات کی گئی ہے کہ پیسے لے کر اعتراضات کلیئر ہوتے ہیں ، میڈیا میں آنے والی خبر بے بنیاد تھی جس پر کمیٹی ممبران نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات اس معاملے کو دیکھیں کہ کیسے جعلی خبر چلائی گئی ہے۔