کراچی(این این آئی)کراچی میں گلستانِ جوہر سمیت دیگر علاقوں میں لوٹ مار کی انوکھی وارداتیں سامنے آئی ہیں۔نوسر بازوں نے ریسٹورنٹ اور پیزا شاپس کو لوٹنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا، نوسر باز 5 ہزار کا نوٹ دے کر بقایا 9 ہزار روپے سے زائد کی رقم واپس لے جاتے ہیں۔2روز قبل گلستانِ جوہر
میں پیزا شاپ پر ہوئی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں کائونٹر اسٹاف کے پاس سفید ماسک لگائے شخص کوآرڈر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔نوسر باز اس دوران ہدف کو نشانہ بناتے ہیں، جب کائونٹر پر پہلے سے ایک اور خریدار موجود ہو۔نوسر باز ڈیل کارڈ میں سے سب سے کم رقم کی ڈیل کا آرڈر دیتے ہیں، ڈیل آرڈر کرنے کے بعد5 ہزار کا نوٹ دے کر فوری بقایا کا تقاضہ کرتے ہیں۔بقایا ملنے کے بعد ڈیل کو کینسل کر کے نوسر بازی کے ذریعے 5 ہزار روپے کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں۔دکانداروں کو پیسے زیادہ جانے کا پتہ اس وقت چلتا ہے جب کلوزنگ ٹائم پر رقم گنی جاتی ہے۔شہر کی مختلف پیزا شاپس اور ریسٹورنٹس پر گزشتہ 10 روز میں 10 سے زائد نوسر بازی کی وارداتیں ہوچکی ہیں۔ایسے ہی لٹنے والے پیزا شاپ کے مالک نے بتایا کہ 5 ہزار روپے جانے کے لیے کیا رپورٹ کرائیں، سی سی ٹی وی فوٹیج دینے کا مقصد ریسٹورنٹ اور دیگر دکانداروں کو اس حوالے سے خبردار کرنا ہے۔