اسلام آباد(آن لائن) طاقتور قبضہ مافیا نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی اربوں روپے کی کمرشل جائیداد پر قبضہ کر لیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر سے زرعی زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے بعد شہروں کے اندر کمرشل جائیدادوں کو بھی قبضہ مافیا سے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت ہاؤسنگ
نے اس حوالے سے ایک رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال کی ہے جس میں کراچی، لاہور کے علاوہ دیگر بڑے شہروں میں اربوں روپے کی کمرشل جائیدادوں کی تفصیلات درج ہیں۔رپورٹ کے مطابق کراچی کے پوش ایریاز میں وزارت ہاؤسنگ کی 218 دکانیں ہیں جو کراچی کے طاقتور قبضہ مافیا کے زیر استعمال ہیں۔ مشرف دور میں ان دکانوں کو مختلف لوگوں نے لیز پر حاصل کیا تھا اور پھر 20 سال سے نہ کرایہ ادا کر رہے ہیں اور نہ دکانیں واپس کر رہے ہیں۔ان کی ٹوٹل مالیت 5 ارب روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں 10 کے قریب پٹرول پمپ ہیں جو قبضہ مافیا کے قبضہ میں ہیں۔پشاور میں پوش علاقے میں وزارت ہاؤسنگ کی 20 دکانیں ہیں جو قبضہ گروپ کے زیر استعمال ہیں۔ جے یو آئی کی وزارت کے دوران ان دکانوں کو طاقتور قبضہ مافیا نے حاصل کیا تھا جبکہ لاہور کے اہم شاہراہوں اور پوش علاقوں میں وزارت کی 16 عدد دکانوں پر قبضہ مافیا نے قبضہ کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی سرکاری جائیداد واپس لانے میں عدل دلچسپی دکھا رہے ہیں تاہم وزیر اعظم عمران خان بہت جلد حکومت کی کمرشل جائیدادوں کو مافیا سے واپس لانے بارے اہم فیصلہ کرنے والے ہیں۔