پشاور(آن لائن)حکومت نے بلین ٹری اور ہنی سونامی کے بعد اب بلین ڈرائی فروٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بلین ڈرائی فروٹ پراجیکٹ کے تحت صوبہ خیبرپختونخوا میں خشک میوہ جات کے درخت لگائے جائیں گے، اس ضمن میں محکمہ زراعت کو منصوبہ جلد قابل
عمل بنانے کی ہدایت کردی گئی جب کہ محکمہ جنگلات کو بھی جامع سروے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بلین ڈرائی فروٹ کے حوالے سے سروے رپورٹ آنے کے بعد منصوبے کو عملی شکل دی جائے گی، منصوبے کی نگرانی گورنر خیبر ختونخواہ شاہ فرمان کریں گے۔ اس سے پہلے حکومت نے بلین ٹری سونامی شہد منصوبہ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا، جس کا باقاعدہ اعلان وزیراعظم عمران خان کی طرف سے 21 دسمبر کو کیا گیا،اس منصوبے کے تحت پاکستان کے 10 لاکھ ایکڑ جنگلات میں 7 اقسام کے شہد کی پیدوار ہوگی جس سے ملک بھرمیں 12 ہزارمیٹرک ٹن شہد کی پیدوار ہوگی، جس میں سے 1200 میٹرک ٹن بلین ٹری سونامی شہد کے نام سے برانڈ ایکسپورٹ کرسکیں گے۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی میں بہتری اور اہداف کے حصول کیلئے وزارتوں اور ڈویژنز کو حکومتی فیصلوں پرعمل درآمد یقینی بنانے کیلئے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، تفصیلات کے مطابق اہداف پرعمل درآمدکیلئے وزیراعظم آفس اور42 وزارتوں میں معاہدہ پردستخط ہوں گے، اس سلسلے میں وزیراعظم آفس اوروزارتوں میں معاہدے کی تقریب 22 دسمبرکو ہوگی، معاہدیپروزیراعظم اور وزارتوں کے انچارج وفاقی سیکریٹری دستخط کریں گے، جس کے تحت کابینہ سمیت
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت عوامی ریلیف اورفلاحی منصوبوں کی تکمیل کے فیصلوں کوترجیح دی جائے گی، بجلی اور گیس سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر عمل دآمد کرایا جائے گا، حکومت کی طرف سے یہ فیصلہ صحت، تعلیم سمیت دیگرضروری حکومتی پالیسیوں پرعمل درآمد یقینی بنانے کیلئے کیا گیا پالیسیوں عمل درآمدنہ کرنیوالے سیکریٹریز اور منسٹرز کے خلاف کارروائی ہوگی۔