سیالکو ٹ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا لندن میں علاج چل رہا ہے اور وہ بہت جلد پاکستان آئیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے عظیم ساتھی خواجہ محمد آصف کے خلاف بھی انتقامی کارروائی کی
جا رہی ہے اور ان کے خلاف کوئی کرپشن کے ثبوت بھی نہ ملے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ اور مسلم لیگ ن سیالکوٹ کی قیادت سے ملاقات و اظہار یک جہتی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب بے اختیار ہے اس کے پاس کوئی اختیار نہیں بلکہ نیب کا مشن یہ ہے کہ پکڑ دھکڑ کرو اور بعد میں ثبوت نہ ملنے پر چھوڑ دو۔انھوں نے کہا کہ میرے خلاف اور میرے بھائی سمت دیگر مسلم لیگ ن کے راہنمائوں کے خلاف موجودہ حکمرانوں نے انتقامی کارروائیاں کیں لیکن اللہ کے فضل و کرم سے کسی پر کرپشن ثابت نہ سکی بلکہ سب رہا ہوگئے۔انھوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کو رقم کی ادائیگی خفیہ طور پر اس لئے کی گئی کہ اپنی کمیشن بنائی جائے اور اب جعلی نوٹس ارسال کر کے عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے قائد میاں نواز شریف پاکستان بہت جلد واپس آئیں گے اور مسلم لیگ ن کی آ ئند ہ حکومت بنے گی جو کہ عوام کو ریلیف دے گی۔