کراچی(این این آئی)بلوچستان میں مچھ کے مقام پر دہشت گردی میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے قتل کے خلاف کراچی میں بھی مجلسِ وحدت المسلمین اور اہلِ تشیع برادری نے شہر کے مختلف30مقامات پر دھرنے دے رکھے ہیں، جن کی وجہ سے شہریوں کو
اپنے کام کاج پر پہنچنے میں شدید دشواری سامناکرناپڑرہاہے۔گلی کوچوں سے موٹر سائیکلوں پر نکلنے والے شہریوں اور مظاہرین میں تلخ کلامی کے واقعات ہو رہے ہیں، اسی نوعیت کے ایک واقعے کے بعد شارع فیصل پر ڈرگ روڈ کے قریب مشتعل افراد نے 5 موٹر سائیکلیں نذرِ آتش کر دیں۔پولیس کے مطابق بعض شہریوں نے فٹ پاتھوں اور گلی کوچوں سے ہوتے ہوئے مرکزی شاہراہ پر آنے کی کوشش کی جس پر وہاں موجود افراد سے تلخ کلامی اور پھر ہاتھا پائی ہوئی۔بدنظمی کے اس واقعے کے بعد شہری موٹر سائیکلیں چھوڑ کر بھاگ نکلے، اس دوران نامعلوم افراد نے موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی۔پولیس کے مطابق 5 موٹرسائیکلیں جل گئی ہیں جن میں سے بعض کو جزوی نقصان پہنچا ہے، واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔