اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب پولیس کی خاتون ایس پی عائشہ بٹ اپنے ہی محکمے کیخلاف بول پڑیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں ایس پی عائشہ بٹ کا کہنا ہے کہ ذاتی پسند ناپسند پر ٹرانسفر اور پوسٹنگ
محکموں کو برباد کر رہی ہے، پسند نا پسند کی بنیاد پر افسروں کا کیریئر بھی متاثر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افسوس اس بات کو چھپانے کے لیے کرپشن اور کام نہ کرنے کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔عائشہ بٹ پولیس ٹریننگ کالج میں ایس پی ٹریننگ تعینات ہیں ،ایس پی عائشہ بٹ کے شوہر عبدالوہاب لاہور میں ایس پی انویسٹی گیشن تعینات ہیں۔جیو نیوز کے مطابق عبد الوہاب کو سابقہ سی سی پی او عمر شیخ کے کہنے پر ہی تعینات کیا گیا تھا، تاہم عمر شیخ نے میاں بیوی دونوں کی اکٹھی پوسٹنگ پر اعتراض کیا تھا۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ عائشہ بٹ نے ڈاکٹر آنوش اور بلال قیوم کے جانے پر ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاون کی سفارش بھی کروائی لیکن انہیں پوسٹنگ نہیں ملی ۔