لاہور (آن لائن) لاہورانویسٹی گیشن پولیس نے قطری، انڈین اور بنگلہ دیشی شہریوں کو نوسر بازی کر کے لوٹنے والے قطری گینگ کے 7ملزمان گرفتارکر کے قطری، انڈین اور بنگلہ دیشی کرنسی برآمد کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کی واضح ہدایات کی روشنی میں انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے انہیں کیفر کردار تک
پہنچانے کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں۔ان خیالات کا اظہار ایس پی اقبال ٹائون انویسٹی گیشن عبدالوہاب نے اپنے دفتر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی نوانکوٹ عمر فاروق بلوچ اور انچارج انویسٹی گیشن نوانکوٹ قمر ساجد نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قطری، انڈین اور بنگلہ دیشی شہریوں کو نوسر بازی کر کے لوٹنے والے قطری گینگ کے 7 ملزمان جن میں گینگ کے سرغنہ ارشد سمیت ا س کے ساتھی عامر سہیل، اسماعیل، رمضان، عامر اور عدنان وغیرہ شامل ہیں کو گرفتار کر لیا ہے ۔گرفتار ملزمان سے ایک لاکھ قطری ریال، 50ہزار انڈین اور50ہزار بنگلہ دیشی کرنسی برآمد کر لی گئی ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹائون عبدالوہاب نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے Real Conectکے نام سے ایپ بنا رکھی تھی اور قطری، انڈین اور بنگالی شہریوں کو ایپ کے ذریعے ان کا انعام نکلنے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتے تھے۔انٹر نیشنل گینگ کے ملزمان عرصہ دراز سے نوسر بازی کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے کا مکروہ دھندہ کر رہے تھے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان نے غیر ملکیوں کو نوسر بازی کر کے لوٹنے کی سینکڑوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال خان نے کامیاب کارروائی کر کے نوسر باز گینگ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔