اسلا م آباد (نیوز ڈیسک) پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برطانوی ایئر لائن کو اہم فضائی روٹ پر پروازیں چلانے کی اجازت ملنے سے پی آئی اے کو پندرہ ارب سے زائد کا نقصان ہو گا۔ برطانوی ائیر لائن کو منافع بخش روٹس وفاقی وزراء کی
خواہش پر دیے گئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق وفاقی وزراء نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پر دباؤ ڈالا جس سے ان روٹس کی غیر منصفانہ تقسیم کی راہ ہموار ہوئی۔ پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کا کہنا ہے کہ وہ مسئلے کو وزیراعظم عمران خان کے سامنے رکھیں گے اور انہیں تمام تفصیلات سے آگاہ کریں گے، ارشد ملک کے مطابق ان روٹس پر غیر ملکی ایئرلائن چلنے سے صرف مانچسٹر کے روٹ پر ہی ہمیں 9 ارب 50 کروڑ سالانہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی ائیر لائن کے ان روٹس پر چلنے سے ہمیں پندرہ ارب سے زائد کا سالانہ نقصان ہو سکتا ہے۔