کراچی(این این آئی) انسداد دہشت گردی کی عدالت میں منگل کو بھتے کے ایک ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ کرونا وائرس میں مبتلا ہے، جس پر کمرہ عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں تاجر سے بھتہ طلب کرنے کے ایک کیس
میں ایک ملزم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، ضمانت پر رہا ملزم نے سماعت پر کرونا میں مبتلا ہونے کا انکشاف کر دیا۔اس انکشاف کے بعد عدالت میں موجود وکلا اور عملہ عدالتی امور چھوڑ کر باہر نکل گیا، جب کہ ملزم کو فوری طور پر کورٹ کی حدود سے باہر نکال دیاگیا۔ملزم کے جانے کے بعد عملے نے کمرہ عدالت اور دفاتر میں اسپرے کیا، معلوم ہوا کہ ملزم صبح 8 بجے انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 16 میں پیشی پر آیا تھا، دوپہر میں اس نے کورٹ اسسٹنٹ کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی۔بھتہ کیس کے تفتیشی افسر کے مطابق مذکورہ ملزم عبوری ضمانت پر تھا، انھوں نے بتایا کہ انھیں بھی علم نہیں تھا کہ ملزم کو کرونا لاحق ہے۔