اسلام آباد (این این آئی)کورونا وائرس ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ دو ماہ میں پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسین ملنا شروع ہوجائے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امیر اور بڑے ممالک کمپنیوں کو ویکسین کے لیے پیسے دے چکے ہیں۔
چھوٹے ممالک کو ان کمپنیوں سے ویکسین کے حصول میں وقت لگے گا۔ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ کورونا ویکسین حاصل کرنے کے لیے ہمیں خود کوشش کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے ملک میں کورونا وائرس ویکسین کے حصول میں ابھی وقت لگے گا۔دریں اثنا ملک بھر میں چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 36مریض چل بسے ،2362نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کے تازہ اعدادوشمار جاری کردیئے جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار 787 ہوگئی،24 گھنٹے میں کورونا کے مزید 2 ہزار 362 کیس رپورٹ ہوئے۔ این سی اوسی کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران 31 ہزار 830 کورونا ٹیسٹ کیے گئے،ملک بھر میں کورونا ایکٹو کیسز کی تعداد 47 ہزار 236 ہوگئی، این سی اوسی کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 36 اموات ہوئیں،ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزار 832
ہوگئی،ملک بھر میں کورونا سے متاثر 3 لاکھ 84 ہزار 719 مریض صحت یاب ہوئے،پنجاب ایک لاکھ 27 ہزار 541، سندھ میں ایک لاکھ 95 ہزار 702 کیسز رپورٹ ہوئے،خیبرپختونخوا 52 ہزار 449، بلوچستان میں 17 ہزار 745 کیس رپورٹ ہوئے،اسلام آباد 34 ہزار 840، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 791 کیسز رپورٹ ہوئے،آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 7 ہزار 719 ہوگئی،ملک بھر میں 60 لاکھ 64 ہزار 220 کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں ۔