لاہور (آن لائن) انجمن تاجران نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حصہ بننے کا اعلان کر دیا ہے۔ انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل انجمن تاجران نعیم میر نے تاجروں کو پی ڈی ایم کے جلسے میں بھر شرکت کی تیاریوں کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کا حصہ بننے کا اعلان کر دیا ہے۔ انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا کہ نکمی
اور نااہل حکومت نے صنعت وتجارت اورمعیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔حکومت سے نجات حاصل کرنے تک ہم پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ حکومت مزید چلی تو صنعت وتجارت نہیں چلے گی۔ نکمی،نااہل حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کا حصہ بننا ثواب کا کام ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کی تیاری میزبان جماعت مسلم لیگ ن کے ذمے ہے۔مسلم لیگ ن نے 13 دسمبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے شہر بھر میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رکھا ہے جس کے تحت شہر کے کئی حلقوں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ ادھر مسلم لیگ ن کی جانب سے لاہور بھر کے منتخب قومی و صوبائی ارکان کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جا کر عوام کو 13 دسمبر کو مینار پاکستان میں شیڈول جلسے میں ہر حال میں شریک ہونے کے لیے قائل کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ 13 دسمبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے اس ضمن میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور کونسلرز کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی اور انہیں خصوصی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ نہ صرف اپنے طور پر کارنر میٹنگز کا اہتمام کریں بلکہ گھر گھر جا کر لوگوں کو جلسے میں آنے کے لئے قائل کریں۔