اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دھند کی وجہ سے حالیہ حادثات کے بعد کئی مقامات پر موٹروے جزوی طور پر بند کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ کچھ روز کے دوران پنجاب اور سندھ کے کئی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران
بھی میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کی پیشن گوئی ہے۔جبکہ دھند کی وجہ سے قومی شاہراہ موٹروے پر کئی مقامات پر افسوسناک حادثات پیش آئے، جس کے نتیجے میں کئی مسافر جاں بحق ہوگئے۔ اس تمام صورتحال میں اعلان کیا گیا ہے کہ موٹروے کے جس بھی حصے پر حد نگاہ 50 میٹر سے کم ہوگی، اسے ٹریفک کیلئے بند کر دیا جائے گا۔ موٹروے پر سفر کرنے والے افراد کو تلقین کی گئی ہے کہ دھند ہونے کی صورت میں شاہراہ پر احتیاط اور کم رفتاری سے سفر کریں۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے اکثر حصوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں پر پرفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آج مغربی ہوائوں کا سلسلہ داخل ہوگا۔ یہ سلسلہ مغربی اور بالائی علاقوں میں آئے گا جس کے باعث پیراور منگل کو مری اور گلیات میں برفباری کا امکان ہے۔علاوہ ازیں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ عبداللہ اور سیف اللہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پیر سے منگل کے دوران اسلام آباد، پشاور،لاہور، سیالکوٹ، میانوالی، خوشاب، چارسدہ، گوجرانوالہ اور گجرات میں بارش ہوسکتی ہے۔