اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی ڈی ایم میں شریک اپوزیشن کی اکثر جماعتوں نے استعفوں پر اتفاق کر لیا ہے، میڈیا ذرائع کے مطابق ن لیگ کے ارکان قومی اسمبلی نے مرکزی قیادت کو اپنے استعفے جمع کروانا شروع کر دیے ہیں، صوبائی اسمبلیوں کے ارکان بھی جلد استعفے جمع کروا دیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کو ن لیگ کے استعفوں کے
بارے میں آگاہ کیا جائے گا، جمعیت علماء اسلام (ف) کے ارکان پارلیمنٹ بھی جلد اپنے استعفے جمع کرا دیں گے اس کے برعکس پیپلزپارٹی فوری طور پر استعفے دینے کے حق میں نہیں ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے جیل جانے سے قبل مریم نواز سے ملاقات کی تھی اور اس ملاقات کے دوران مسلم لیگ کے 3بڑوں کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ پر اتفاق رائے ہوا۔ 13دسمبر کو لاہور جلسے میں اسمبلیوں سے استعفے دینے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتا یا گیا ہے کہ لاہور میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمز ہ شہباز سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان ڈیموکر یٹک مومنٹ(پی ڈی ایم) جلوسوں سے متعلق تفصیلات سے آگا ہ کیا جبکہ شہباز شریف نے مریم نواز کو سیاسی معاملات کو چلانے سے متعلق مشورے بھی دیئے ذرائع کے حوالے سے بتا یا گیا تھا کہ13دسمبر کو لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں اراکین اسمبلی استعفے دینے کا اعلان کر سکتے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے تین بڑے رہنماؤں نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے شہباز شریف کی ہدایت سے متعلق اہم لیگی ارکان اسمبلی کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔