عمر کوٹ (این این آئی) عمر کوٹ میں احساس کفالت پروگرام مراکز میں مستحق خواتین سے مبینہ طور پر 500 روپے فی کس کٹوتی کیے جانے کے انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق احساس کفالت پروگرام مراکز میں حکومتی امداد لینے والی نادار اور مستحق خواتین کی
جانب سے 500 روپے فی کس کٹوتی پر احتجاج کیا گیا۔احتجاج میں شامل ایک خاتون نے پیسے دکھاتے ہوئے کہا کہ ان کے 500 کاٹے گئے ہیں، ایک اور خاتون کا کہنا تھا کہ زبردستی 500 روپے کاٹ کر ساڑھے گیارہ ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ایک خاتون نے بتایا کہ منتیں کرنے پر پوری رقم فراہم نہیں کی جا رہی، بلکہ ساڑھے 11ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔گلے میں تحریک انصاف کا کارڈ ڈالے احساس کفالت مراکز میں ان افراد کی غیر قانونی سرگرمیوں نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں جبکہ حکام کا دعویٰ ہے کہ ان افراد کو پولیس کی مدد سے باہر نکال دیا گیا ہے۔ایک خاتون پی ٹی آئی ورکر کا کہنا تھا کہ ہماری یہاں ذمہ داری ہے کہ پیسے واپس کرنا یا کٹوتی نہیں کرنی ہے، ہماری ڈیوٹی ببلی رند نے لگائی ہے۔اس حوالے سے احساس کفالت پروگرام کے ضلع انچارج خدا بخش مہر سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا پولیس سے غیرذمہ دار افراد کی موجودگی کی شکایت کی جس پر ان افراد کو احساس کفالت مراکز سے باہر نکال دیا گیا۔دوسری جانب تحریک انصاف کے ذمہ داران نے احساس کفالت مراکز میں پارٹی کارکنان کی موجودگی سے لاتعلقی کا اظہار کیا جب کہ ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ ندیم الرحمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس کو ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔