دریا خان(این این آئی) دریا خان میں اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے کاشت کار پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں اسسٹنٹ کمشنر دریاخان کو کاشت کار کے پیچھے دوڑتے اور اسے زمین پر گراتے دیکھا گیا،
ویڈیو میں اسسٹنٹ کمشنرکوکاشت کار پر ڈنڈا برساتے اورگاڑی میں ڈال کرلے جاتے ہوئے بھی دیکھاگیا۔رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز کہاوڑ کلاں میں گنے کی خریداری کے مرکز پر پیش آیا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر دریاخان احمد بن ماجد نے میڈیا سے گفتگو کی اور متاثرہ کاشت کار پرویز کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنرنے کہاکہ انہوں نے کاشت کار پر تشدد نہیں کیا بلکہ گرنے پر اسے اٹھایا تھا،گنے کی خریداری کے مرکز کو غیر قانونی قراردے کر سِیل کردیا گیا تھا، کاشت کار سیل کیے گئے غیرقانونی مرکز پرگنا بیچنے آیا تھا، سیل توڑنے پر پکڑنے کی کوشش کی گئی تو کاشت کار بھاگ رہا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متاثرہ کاشت کار کا بیان بھی ریکارڈ کروادیا، کاشت کار کا کہنا ہے کہ اسے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا، وہ بھاگتے ہوئے گرگیا تھا جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے اٹھنے میں اس کی مدد کی تھی۔