اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی ) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے موسم سرما کی چھٹیوں کیلئے اندرون ملک پروازوں پر کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام اندرون ملک پروازوں پر کرایوں میں 30 فیصد رعایت کردی
گئی ہے۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق اندرون ملک پروازوں پر یک طرفہ کرایہ 12 ہزار 275 سے کم ہو کر 8 ہزار 500 کردیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا اندرون ملک دو طرفہ کرایہ 24،600 سے کم ہوکر 17،000 روپے کردیا گیا ہے۔ رعایتی کرایوں پرعملدرآمد آج رات 12 بجے سے ہوگا۔دوسری جانب سی ای او پی آئی اے نے 8 نئے جہاز خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے قومی ائیرلائن پی آئی اے کے لئے 8 نئے جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام جہاز 6 سالہ ڈرائی لیز پر لئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پیشکشیں طلب کرلی ہیں اور یہ پیشکش 170 سیٹوں والے جہاز خریداری کے لییکی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام جہاز جنوری سے دسمبر 2021 کے دوران لازما پی آئی اے کے حوالے ہوں گے۔