اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے چینی 20 دن میں 20 روپے فی کلو سستی ہوگئی۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ درآمدی چینی کی کنٹرول نرخوں پر تقسیم اور کرشنگ سیزن کا بروقت آغاز بھی یقینی بنایا گیا۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے
کہ گنے کے کاشت کاروں کو مناسب اور جلد ادائیگی یقینی بنائی جائے۔دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو براہ راست درآمدی چینی حاصل کرنے کی اجازت کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں کپاس کی درآمد کی حوصلہ افزائی کیلئے تجاویز پر غور کے بعد اہم فیصلہ کیا گیا۔