کراچی(این این آئی) کرونا وائرس ایمرجنسی فنڈز کہاں کتنا خرچ ہوا ؟محکمہ مالیات سندھ کی جانب سے اخراجات سے متعلق تفصیلی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ مالیات سندھ کی جانب سے جاری رپورٹ میں19 مارچ سے17نومبر تک کے اعدادو شمار بیان کیے گئے ہیں،
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں رواں سال فروری میں کرونا کے مریض سامنے آنا شروع ہوئے، جس پر سندھ حکومت نے 19مارچ کو کروناوائرس ایمرجنسی فنڈقائم کیا۔محکمہ مالیات سندھ کے مطابق 19مارچ سے 30جون تک فنڈ میں 3ارب64کروڑ44 لاکھ کی رقم جمع ہوئی، آلات خریداری، فیلڈآئسولیشن سینٹرپر ایک ارب21کروڑ48لاکھ سے زائدخرچ ہوئے، صرف فیلڈ آئسولیشن ایکسپو سینٹرپر13کروڑ39لاکھ 35ہزارکے اخراجات آئے، اس دوران3کروڑ 56لاکھ روپے کے عطیات بھی موصول ہوئے۔رپورٹ کے مطابق یکم جولائی کو فنڈمیں2 ارب42کروڑ 95لاکھ کی رقم موجود تھی، آلات، ٹیسٹنگ کٹس کی مزیدخریداری پر ایک ارب53کروڑ5لاکھ خرچ ہوئے، کرونا ایمرجنسی فنڈمیں اس وقت تک 93کروڑ47لاکھ26ہزارسے زائدرقم موجودہے۔