لندن (این این آئی)سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اْن کی صرف ایک پراپرٹی ہے جو پاکستان میں ہے اور حکومت نے چھین لی ہے، لندن میں کوئی جائیداد نہیں، بچوں کا صرف ایک وِلا ہے جو اْن کی ملکیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب سیاسی مخالفین کے خلاف انتقام کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے
اسحاق ڈار نے کہا کہ ان کے اور خاندان کے پاس صرف ایک ہی جائیداد ہے۔پروگرام میں میزبان نے دبئی میں جائیداد سے متعلق سوال کیا تو اسحق ڈار نے کہا کہ وہ وِلا تو ان کے بچوں کا ہے اور وہ بالغ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ان کے بچے دبئی میں 17 سال سے کاروبار کر رہے ہیں ان کا اس جائیداد سے کوئی تعلق نہیں۔پروگرام کے میزبان نے سوال کیا کہ اگر آپ کہتے ہیں پوری دنیا میں آپ کی صرف ایک جائیداد ہے اور وہ بھی ٹیکس دستاویز میں ڈکلیئر ہے تو آپ پاکستان جا کر کیسز کا سامنا کیوں نہیں کرتے۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے واضح جواب دینے کے بجائے کہا کہ ان کے وکیل عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں اور وہ لندن میں علاج کے لیے موجود ہیں۔میزبان نے سال کیا کہ آپ تو یہاں لندن میں تین سال سے مقیم ہیں، کیا آپ کا علاج اب بھی چل رہا ہے؟ جس پر اسحق ڈار نے کہا کہ جی ہاں میرا علاج اب بھی چل رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال سب کے سامنے ہے، نیب کی حراست میں اب تک کئی ملزمان کو قتل کیا جاچکا ہے۔