اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد سول اور ملٹری انٹیلی جنس اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور بہتر روابط کیلئے نیشنل انٹیلی جنس کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کے سربراہ وفاقی سیکرٹری داخلہ ہونگے ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نیشنل
انٹیلی جنس کمیٹی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ہے ۔سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں بننے والی اس کمیٹی میں ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو، ڈی جی ایف آئی اے ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ، اسلام آباد کے آئی جیز اور چاروں صوبوں کے آئی جی پولیس بھی شامل ہونگے اس کے علاوہ ملٹری آپریشن ڈائریکٹوریٹ کے نمائندوں کو بھی کمیٹی میں شامل کیاگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کسی کو بھی رکن بنا سکتی ہے اور دیئے گئے ضوابط کار کے تحت کام کرے گی ۔ یہ کمیٹی انسداد دہشتگردی کی روک تھام کیلئے آپس میں روابط کو یقینی بنائے گی ایک دوسرے سے معلومات کا تبادلہ کیا جائیگا اور جب ضرورت ہوگی تو کمیٹی کا اجلاس بلا کر تمام تر صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا اور دہشتگردی کے خاتمے اور ملک دشمن عناصر سرگرمیوں کو کچلنے کیلئے یہ کمیٹی متفقہ لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھیں گی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد سول اور ملٹری انٹیلی جنس اداروں کے درمیان قریبی روابط کو فروغ دینا ہے ۔