پشاور(آن لائن) پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے قائم کیے جانے والے اسٹیج پر پی ڈی ایم جماعتوں کے علاوہ جماعت اسلامی کا بھی پرچم لگا دیا گیا۔ جس کے بعد جماعت اسلامی کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ جماعت اسلامی کے
رہنما قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی واضح طور پر ایک الگ تحریک چلا رہی ہے اور اس کا پی ڈی ایم سے کوئی تعلق نہیں ہے، پشاور جلسے کے اسٹیج پر ہمارا جھنڈا لگانا غلط بات ہے۔اس جلسے سے ہماری جماعت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ جماعت اسلامی اس عمل کی مذمت کرتی ہے اور انتظامیہ سے درخواست کرتی ہے جھنڈا ہٹایا جائے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ عمل کسی غلطی کی وجہ سے ہوا ہوگا، پی ڈی ایم انتظامیہ اس معاملے میں وضاحت دے اور ہمارا جھنڈا اسٹیج سے اتارے۔واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے پشاور میں آج ہونے والے جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جلسے سے خطاب کے لیے اپوزیشن رہنماں نے تقاریر بھی تیار کر لی ہیں۔