کوئٹہ (آن لائن )پاکستان مسلم لیگ(ن) ضلع کوہلو کے میر احمد نواز مری اورصرافہ ایسو سی ایشن کوئٹہ کے حاجی محمد محمود ودیگر نے(ن) لیگ سے مستعفی ہونے کا اعلان کر تے ہوئے کہاہے کہ پارٹی قائدین کی جانب سے نظرانداز ہونے پر پارٹی سے الگ ہونے کافیصلہ کیاہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے حاجی عادل دائود،سردار اسرار کبدانی ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جب صوبے میں (ن) لیگ کی حکومت بنی تو پارٹی کے مخلص ساتھیوں کو مبینہ طور پر دیوار سے لگا یا گیا جس کے بارے میں 13اضلاع کے پارٹی نمائندوں نے نہ صرف کوئٹہ بلکہ مرکز میں بھی قائدین کو اس حوالے سے آگاہ کیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی اس وقت پارٹی کے چیئر مین راجہ ظفر الحق اور مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو بھی آگاہ کیا تھا انہوں نے کہا کہ 2018میں بلوچستان میں پارٹی کے جعلی طریقے سے انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کرائے گئے اس سلسلے میں انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پٹیشن دائر کی اور مرکزی قائدین کو مطلع کیا حالیہ دنوں پی ڈی ایم کے جلسے کیلئے پارٹی کے مرکزی نائب صدر مریم نواز اور دیگر قائدین سے انہوں نے ملاقات کی کوشش کی مگر انہیں نظرانداز کیا گیا اس لئے انہوں نے (ن) لیگ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ساتھیوں کی صلاح ومشورے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے ۔