لاہور(این این آئی)احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو جیل میں میٹرس،کرسی اورگھر سے کھانا منگوانے سمیت سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ شہباز شریف کو جیل میں سہولیات کی
فراہمی کیلئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہباز شریف قائد حزب اختلاف ہیں اور ان کو قانون کے مطابق بی کلاس دی جائے،حکومت شہباز شریف کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے، شہباز شریف کمر درد کی تکلیف میں مبتلا ہیں اس لیے انہیں میٹرس مہیا کیا جائے جبکہ انہیں گھر سے گھانا منگوانے کی اجازت دی جائے۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں شہباز شریف کو عام قیدیوں کی طرح رکھے جانے کا اعلان کیا تھا،استدعا کی گئی ہے کہ شہباز شریف کو گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے سماعت کرتے ہوئے شہباز شریف کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے شہباز شریف کی میڈیکل ہسٹری کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے شہباز شریف کو میٹریس، کرسی،گھر کا کھانا اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے شہباز شریف کو جیل میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق 27اکتوبر تک رپورٹ بھی طلب کر لی۔