کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وقاص خان میرا بھانجا اور تحریک انصاف کا ورکر ہے اس کو سلام پیش کرتے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے معاملے سے متعلق کہا ہے
کہ تھانے گئے اور پولیس کو کہا کہ ایف آئی آر کاٹنی پڑے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹن(ر) صفدرکی ضمانت کا اعلان مریم نواز نے کیا، کیپٹن(ر) صفدرکی ضمانت منسوخی کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس جا رہے ہیں، کون سے قانون کے تحت صفدر کو عدالت سے ہی رہا کر دیا گیا تھا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ قانون کے تحت ضمانت منظور ہونے پر ملزم کوجیل لے جایا جاتا ہے اور وہیں سے رہائی ہوتی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے وقاص خان کی ضمانت منظور کی تھی۔ مفرور ملزم وقاص خان نے عدالتِ عالیہ میں اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔عدالت نے پولیس پر حملے میں ملوث ہونے کے مقدمے میں مفرور ملزم وقاص کی ضمانت منظور کی ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے 30 ہزار روپے کے عوض ملزم وقاص کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے
ہوئے ملزم کو 10 دن کے اندر متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔درج مقدمے کے مطابق ملزم وقاص نے 25 اگست 2019 کو گلشنِ معمار میں پولیس پر حملہ کیا تھا۔مقدمے میں ملزم کے خلاف پولیس موبائل کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر پتھرائو کرنے کے الزامات عائد ہیں۔ملزم وقاص کے ساتھ اس مقدمے میں دیگر 58 افراد بھی شامل ہیں، ملزم کے خلاف ایف آئی آر سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج ہے۔