اسلام آباد(آن لائن)معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 253 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی ان ادویات کی قیمتیں بڑھائی
گئی ہیں،ملک میں کورونا ویکسین کے ٹرائلر جاری ہیں نتائج میں وقت ہے تاہم کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ہے اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ 253 وہ ادویات ہیں جن کی مالیکیول کے ریٹ پہلی مرتبہ مقرر کئے گئے ہیں،ان کی قیمتوں کے حوالے سے ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ قیمتیں بڑھا دی جائیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر پر نظر رکھے ہوئے ہیں،یہ پازیٹو کیسز پر منحصر ہے کہ کتنے کیسز بڑھتے ہیں،اگر ایسی کوئی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو حکومت برابر کی تیاری کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کا ٹرائلر جاری ہے اور اس کے نتائج آنے میں ابھی وقت لگے گا،جب نتائج سامنے آجائیں تو ویکسین پاکستان مہیا کردے گا۔