اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آج صبح کراچی میں قائد اعظم کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے کیس میں کراچی پولیس کی طرف سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا گیا ۔
جس پر سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم عمران خان کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر ان کے پارٹی کارکنوں کی طرف سے کی جانے والی نعرے بازی کی ویڈیو شیئر کردی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قائد اعظم کے مزار پر حاضری کے لیے موجود ہیں ، جہاں ان کے ساتھ تحریک انصاف کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود ہے ، جن کی طرف سے کیے جانے والے شور شرابے کی آوازیں بھی ویڈیو میں سنائی دے رہی ہیں۔ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر نے لکھا کہ عمران خان کی موجودگی میں مزارقائد کے اندرپاکستان تحریک انصاف کی طرف سے کی جانے والی ہلڑبازی کیسے جائز تھی؟ جب کہ ووٹ کوعزت دو اور مادرملت زندہ باد کے نعروں پر مقدمہ کااندراج اور اس کے بعد مریم نوازکے کمرے کا دروازہ توڑ کران کے شوہرکی گرفتاری شرمناک اور بزدلانہ اقدام ہے۔اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے ایک نعرہ بھی تحریر کیا کہ جمہوریت نما آمریت نامنظور۔