لاہور( این این آئی) پی ڈی ایم جلسے میں معاہدے کی خلاف ورزی پر اپوزیشن کو آئندہ جلسوں کی اجازت نہ دینے کی تجویز دیدی گئی، آئندہ جلسوں کی اجازت دینے یا نہ دینے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو پی ڈی ایم
جلسے میں معاہدے کی خلاف ورزی کی رپورٹ بھجوا دی گئی ہے ، رپورٹ میں معاہدے کی خلاف ورزی پر آئندہ جلسوں کی اجازت نہ دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن نے جو معاہدہ کیا اس کی صریحا ًخلاف ورزی کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ اپوزیشن کی جانب سے تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کی ، جلسہ مقررہ وقت پرختم نہیں کیا گیا، جلسے اور لاہور سے گوجرانوالہ تک ریلیوں میں ایس او پیز خلاف ورزی نظر آئی، کسی نے نہ ماسک پہنانا اور نہ ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا۔ذرائع کے مطابق مریم نوازنے لاہورمیں دوران ریلی تقریر نہ کرنے کے معاہدے کی خلاف ورزی کی، طے تھا مریم نواز راستے میں کسی استقبالیہ کیمپ میں خطاب نہیں کریں گی، شاہد رہ میں مریم نواز کا مختصر خطاب معاہدے کی خلاف ورزی تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کی مانیٹرنگ وفاقی اور صوبائی وزراء کرتے رہے ، ایس او پیز خلاف ورزی سے حالات زیادہ خراب ہونے کے خدشات لاحق ہیں۔