لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) ،جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پیپلز پارٹی کے قافلوں کی لاہور سے گوجرانوالہ روانگی کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام دھرم بھرم رہا، گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے شہری اپوزیشن اور حکومت کو کوستے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کے کارکنان ریلیوں کی صورت میں لاہور
سے گوجرانوالہ کے لئے روانہ ہوئے جس کی وجہ سے داتا دربار،مال روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ ، رنگ روڈ، کینال روڈاور فیروز پور روڈ سمیت متعدد شاہراہوں پر ٹریفک بلاک رہی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر ایمبولینسز بھی ٹریفک جام میں پھنس گئیں تاہم ریلی کے شرکاء نے اپنی مدد آپ کے تحت ایمبولینسز کے لئے راستہ بنایا ۔