پشاور(این این آئی) پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس قیصر رشید نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں اور وزراء سب اچھا ہے کی رپورٹ دے رہے ہیں۔پشاور ہائی کورٹ میں آٹے کی قیمتوں
میں اضافے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، سیکرٹری خوراک خیبر پختونخوا، ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر سرکاری افسران عدالت میں پیش ہوئے۔نجی ٹی وی دوران سماعت جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ مارکیٹ میں آٹا 75 روپے کلو اور ٹماٹر 200 روپے فی کلو مل رہا ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، غریب عوام کو 2 وقت کی روٹی میسر نہیں اور وزراء سب اچھا ہے کی رپورٹ دے رہے ہیں۔جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ وزیر ایک پودا لگاتا ہے تو اخباروں میں بڑے بڑے اشتہار لگ جاتے ہیں، وزراء کے اشتہارات ہوتے ہیں لیکن اخبار میں یہ اشتہار نہیں دیتے کہ کہاں کہاں سستا آٹا مل رہا ہے، ہمیں سے کوئی غرض نہیں کہ کون افسر کہاں ہے، ہمیں غرض صرف اس سے ہے کہ عوام کو سستی چیزیں ملیں، آئندہ سماعت پر ہمیں رپورٹ پیش کریں، رپورٹ پیش نہ کی تو وزیراعلی اور صوبائی وزیر خوراک کو طلب کریں گے۔