اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قانون دان اعتزاز احسن سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں میزبان نے سوال کیا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد کتنا مضبوط ہے تو اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد اتنا مضبوط
ہو گا جتنا پنجاب چاہے گا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لیڈر شپ نہیں کر سکتی کیونکہ سندھ سے اگر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ قیادت کرتے ہیں اور پنجاب کا بارڈر کراس کرتے ہیں تو ایسے لگے گا کہ انہوں نے پنجاب پر چڑھائی کر دی ہے تو یہ پیپلز پارٹی کے ساتھ زیادتی ہو گی۔ پنجاب کو ہی لیڈر شپ کا کردار ادا کرنا پڑے گا۔ پنجاب میں ن لیگ کا ورکر ابھی نکلنے کو تیار نہیں ہے، پچاس ساٹھ آدمی تھے جو پتھر لے کر آئے تھے مریم بی بی کے ساتھ، شہباز شریف دو مرتبہ عدالت گئے ہیں، دونوں مرتبہ آپ نے دیکھا کہ ورکر کم تھے جبکہ پولیس زیادہ تھی۔ ان کا ورکر نہیں نکل رہا ہے، اور اب یہ ہوا ہے کہ جن کو لیڈ کرنا تھی یہ موومنٹ وہ جیل چلے گئے ہیں، شہباز شریف نے فطری طور پر یہ تحریک لیڈ کرنا تھی، وہ ساری ذمہ داری بلاول بھٹو پر ڈال کر جیل کے پرسکون گوشے میں جا کر بیٹھ گئے ہیں۔