لاہور( این این آئی)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ادارے کو درپیش مسائل کے حوالے سے رہنمائی لی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کام شہباز
شریف کے دس سالوں میں رک گیا اور خراب ہو گیا تھا جو سارہ احمد کی سربراہی میں ایک بار پھر شروع ہوا ہے تو بہتری آئی ہے، بیورو میں پڑھنے والے بچوں کو گریجوایٹ تک تعلیم اور فراغت کے بعد ان کیلئے ملازمت کا بھی بندوبست ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر سڑکوں پر چھوٹے بچوں کو بھیک مانگتے ہوئے دیکھتا تھا تومجھے بڑا دکھ ہوتا تھا، میری خواہش تھی کہ اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو میں ان بچوں کیلئے کچھ کروں گا، جب میں وزیراعلیٰ بنا تو ان بچوں کیلئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کا ادارہ بنایا اور 14 ایسے گینگ پکڑے جو بچوں سے زبردستی بھیک منگواتے تھے، ہر سال باقاعدگی سے میں اس ادارے میں پروگرام منعقد کرواتا تھا، یونیسف نے بھی ہماری اس کاوش کو سراہا ہے۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے قائم کیے ہوئے اس ادارے کو شہبازشریف نے بری طرح تباہ کر دیا تھا، آج پھر دوبارہ سے میں چودھری پرویزالٰہی کے ہی ویژن کو لے کر آگے چل رہی ہوں، راولپنڈی، ساہیوال، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سب اداروں میں مثالی کام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے تجربے سے فائدہ حاصل کر کے معاشرے کے ان بچوں کو بہتر مستقبل دینے اور ادارے کی ترقی کیلئے کام جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ بعد ازاں چودھری پرویزالٰہی نے چیئرپرسن سارہ احمد کو اعزاز شیلڈ بھی پیش کی۔