لاہور( این این آئی ) لاہور سیالکوٹ موٹروے کیس کا مرکزی ملزم تاحال پولیس کی گرفت میں نہ آ سکا ، آئی جی پنجاب نے ملزم کی گرفتاری کے لئے تمام اضلاع کو مراسلہ بھجوا دیا جبکہ ملزم کے حوالے سے آگاہی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹر وے واقعہ کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پولیس کے لئے چیلنج بن گئی ہے ، ملزم کے 13قریبی رشتہ داروں کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے ملنے والی معلومات پر ٹیمیں متحرک ہیں۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے ملزم کی گرفتاری کے لئے تمام اضلاع کی پولیس کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں ہدایت کی گئی کہ ملزم ممکنہ طور پر درباروں، امام بارگاہوں میں چھپا ہو سکتا ہے، ملزم کو عرس،سرکس، شیلٹرز ہومز میں بھی تلاش کیا جائے،ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچزخفیہ مقامات پرنظر رکھیں، ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچز ملزم کی گرفتاری میں کردارادا کریں،ملزم کے حوالے سے ویڈیوکلپ کیبلز پر نشر کرنے کی ہدایت کی گئی۔دوسری جانب موٹروےکیس میں متاثرہ خاتون کی جانب سے بیان ریکارڈ نہیں کروایا گیا۔ تفتیشی افسروں کا کہنا ہے کہ بیان ریکارڈ نہ ہونے سے کیس کی تفتیش پر اثر پڑیگا۔