کراچی(این این آئی)کے الیکٹرک کی جانب سے لانڈھی کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ۔ دن کے 24 گھنٹوں میں سے 12 گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزمرہ کے امور
ٹھپ ہو کر رہ گئے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے سے کے الیکٹرک انتظامیہ نے لانڈھی نمبر ایک سے لے کر چھ نمبر تک مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی عذاب بنادی ہے۔ دن کے اوقات میں صبح نو بجے سے رات نو بجے تک تین مرتبہ ڈھائی ڈھائی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے جبکہ رات 12 بجے کے بعد ڈیڑھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور رات تین بجے کے بعد مزید ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو کے الیکٹرک نے اپنا معمول بنایا ہوا ہے جس سے علاقہ عوام بالخصوص بزرگ۔ بچے۔ خواتین اور عل الصبح نوکریوں پر جانے والے خواتین و مرد انتہائی اذیت و پریشانی سے دوچار اور غصہ و اشتعال کا شکار ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ ہونا کے الیکٹرک انتظامیہ کا بدترین عمل ہے جبکہ ایسے اوقات میں تمام انڈسٹریل زون۔ تجارتی مراکز اور کاروباری سرگرمیاں تقریبا” بند ہوتی ہیں اس کے باوجود رات 12 بجے کے بعد کے الیکٹرک کا لوڈشیڈنگ کرنا عوام دشمنی کے مترادف ہے۔