لاہور (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) موٹروے کیس میں ملزم شفقت حسین کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیاجبکہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرلی گئیں ۔
موٹروے کیس میں ملزم شفقت کو چہرے پر کپڑا ڈھانپ کر سخت سکیورٹی میں ایڈیشنل سیشن جج مصباح خان کی عدالت میں پیش کیا گیا ، ملزم شفقت کو اے ٹی سی میں جج نہ ہونے پرسیشن کورٹ میں پیش کیاگیا، پولیس نے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔جس پر عدالت نے ملزم شفقت کا6روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا جبکہ کیس میں پولیس نے دہشت گردی کی دفعات شامل کرلیں۔ملزم شفقت کی پیشی کے موقع پر سیشن کورٹ میں سخت حفاظتی انتظامامت کئے گئے تھے۔نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سماعت کے دوران عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ تم نے کچھ کہنا ہے جس پر ملزم نے کہا بس جی مہربانی کر دیں،عدالت نے پوچھا کیا مہربانی کریں جس پر ملزم شفقت حسین نے عدالت میں استدعا کہ مجھے چھوڑ دیا جائے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ تمہارا ڈی این اے میچ کر گیا ہے اگر کچھ نہیں کیا تو چھوٹ جا ئوگے۔