اسلام آباد (آن لائن) سینیٹر فیصل جاوید نے وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کو مکالمے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سزا دینے اور نشان عبرت بنانے کا مقصد جرم کیخلاف مدافعت پیدا کرنا ہے،سوچنا ہوگا ایسے گھناؤنے واقعات کیوں بڑھ رہے ہیں،اس حوالے سے عوام خوب جانتے ہیں اور وزراء عوام کے نمائندے ہیں،آئیں بیٹھ کر اس پر مکالمہ کریں اور مجرموں کی آختہ کاری کے حوالے
سے قانون سازی کریں۔قبل ازیں فواد چودھری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ آبرو ریزی کرنے والوں کو زندہ جلا دیں، سرعام پھانسی دے دیں،اعضاء علیحدہ کر دیں عوام کی جانب سے ایسا رد عمل آنا تو سمجھ آتا ہے لیکن ہمارے وزرااور پڑھے لکھے طبقات کی جانب سے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ایسی باتیں کرنا ہمارے معاشرے کی سوچ کا عکاس ہے جو ان چیزوں کو ہر مسئلے کا حل سمجھتی ہے۔