لاہور(آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے موٹروے کیس کی ذمہ داری پی ٹی آئی حکومت پر ڈالتے ہوئے حکومت کو مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا، 20 ستمبر کو اپوزیشن حکومت کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائے گی، کورونا میں مبتلا کال کوٹھڑی میں قید حمزہ شہباز
کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔اتوار کے روز لا ہور میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ موٹر وے کیس کے معاملے پر حکمرانوں کو مستعفی ہونا چاہیے، سی سی پی او کو بھی فوری طور پر تبدیل کیا جائے جیسے عمران خان اناڑی تھے ویسے ہی عثمان بزدار ہیں مجرم کوسنگین سے سنگین سزا دینے اور کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اہلیت چاہیے جو ان میں نہیں ہے، ملزموں کی نشاندہی کا سہرا پنجاب فرانزک لیب کے سر جاتا ہے اس واقعہ پرحکومت نے کیا کیا یہ سب شہباز شریف کا کما ل ہے کہ انہو ںنے پنجاب میں فرانزک لیب بنوائی حکومت نے تو صرف میڈیا پر خبریں چلائیں اور ایکشن کرنے کی بجائے مجرم کو بھگا دیا کس کس واقعے کا ذکر کروں، ہر دوسرے دن اندوہناک واقعہ ہوتا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی صبح بھی انتقام سے ہوتی ہے اور شام بھی۔ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ 20 ستمبر کو اپوزیشن حکومت کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائے گی اے پی سی میں حکومت کے خلاف نیا لائحہ عمل بنا یا جا ئے گا جس میں تما م اپو زیشن کی رائے شامل ہو گی انہو ںنے کہا کہ کال کو ٹھڑی میں تنہا قید حمزہ شہباز کورونا کا شکار ہیں حکومت انہیں طبی سہو لیا ت نہیں فراہم کر رہی ہمار ا مطالبہ ہے کہ انہیں طبی سہولت فراہم کی جائے۔