اسلام آباد (آن لائن) لاہور میں خاتون کیساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ آئینی درخواست اسلام آبادکی دو خواتین وکلاء کی طرف سے جہانگیر جدون کے
ذریعے دائر کی گئی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان اْن دس ممالک میں شامل ہے جہاں عصمت دری کے واقعات رونما ہوتے ہیں،پنجاب میں ایک سا ل کے دوران چودہ ہزار آٹھ سو پچا س خواتین،بچوں اور بچیوں کے اغوا اور عصمت دری کے واقعات رپورٹ ہوئے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے حاضرسروس جج کی نگرانی میں جوڈیشل کمیشن قائم کرکے سانحہ لاہور واقعہ کی مکمل تحقیقات کرانے سمیت سی سی پی اولاہور محمد عمر شیخ کو عہدے سے ہٹایا جائے،پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو عصمت دری کے واقعے کی موثر تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین کیا جائے،پولیس اور متعلقہ حکام کو شہریوں کے تحفظ کیلئے چوبیس گھنٹے موٹر ویز اور ہائی ویز میں مکمل تحفظ کا جامع منصوبہ بنانے کا حکم دیا جائے،متاثرہ خاندان اور ظلم کی شکار خاتون کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے۔درخواست میں وفاق،آئی جی پنجاب،آئی جی موٹر ویز اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔