لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب فرانزک ایجنسی کے پاس فرانزک کے لئے کیمیکل ختم ہو گیا، محکمہ خزانے نے کیمیکل خریدنے کیلئے پیسے ہی جاری نہیں کیے۔ اس بات کا انکشاف ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی نے کیا انہوں نے کہا کہ پنجاب فرانزک ایجنسی
کے پاس ڈی این اے سیمپلز کی فرانزک کے لئے کیمیکل ختم ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے ڈی این اے ٹیسٹ نہیں ہو سکتے، جس کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فوری نوٹس لیا ہے اور محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فرانزک ایجنسی کو فوری طور پر پیسے جاری کریں۔ اس پر محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ پنجاب فرانزک ایجنسی کو پانچ کروڑ 44 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں۔ دوسری جانب موٹر وے پر خاتون سے شرمناک واقعہ میں تفتیش کا دائرہ کار مزید بڑھاتے ہوئے حکام نے علاقے کے تمام افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا۔جبکہ واردات کے گرد 3گاؤں کے مردوں کا ڈی این اے سیمپل لینے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق شک کی بنیاد پر گرفتار ہونے والے تمام 15 افراد کے ڈی این اے میچ نہیں ہو سکے ہیں، اس لئے حکام کی جانب سے کرول گھاٹی کے تمام رہائشیوں کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تمام رہائشیوں کے ڈی این اے سیمپلنگ کیلئے کرول گھاٹی کے قریب فیلڈ ہسپتال بنایا جائے گا۔