لاہور( این این آئی)جنوبی پنجاب میں غربت کے خاتمہ کے منصوبہ کے معاہدے کی تقریب پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ اورچیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈاکٹر راشد باجوہ سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ اس موقع
پر پراجیکٹ ڈائریکٹر جنوبی پنجاب محمد صغیر نے منصوبہ پر بریفنگ دی ۔معاہدے کا مقصد جنوبی پنجاب کے بیشتر محروم اضلاع میں غربت کو کم کرنا ہے ،غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں پرحکومت 6 ارب خرچ کرے گی ۔بین الاقوامی زرعی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 50 ہزار خواتین کو 1 لاکھ بکریاں دی جائیں گی ،انتہائی غریب خاندانوں کیلئے 3 ہزار کم لاگت مکانات تعمیر کئے جائیں گے،10 ہزار غریب نواجوانوں اور خواتین کو پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی ،چھوٹے کاشتکاروں کو پیداوار بڑھانے کیلئے چھوٹے قرضے دئیے جائیں ۔چیئرمین پی اینڈ ڈی کی مذکورہ منصوبے پر افسران کو کام تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔