اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینٹر فیصل جاوید خان نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ملاقات سعودی سفیر کی دعوت پر اسلام آباد میں قائم سعودی سفارتخانے میں ہوئی ۔ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے اور
دونوں ممالک کے کلچر اور ثقافت سے عوام کو روشناس کروانے کیلئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق کی گیا۔ اس مقصد کے حصول کیلئے سعودی عرب میں اسلامی تاریخ اور مقامی ثقافت پر بننے والی فلموں اور ڈراموں کو اردو زبان میں ڈب کرکے پاکستانی میڈیاپر نشر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا اسی طرح پاکستان میں بننے والی فلموں اور ڈراموں کو عربی زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب کے میڈیا پر چلائے جانے پر بھی اتفاق ہوا ۔اس موقع پر سینٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا ۔ اس اقدام سے دونوں برادرممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے کلچر اور ثقافت سے آگاہی حاصل ہوگی، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اسلامی تاریخ سے روشناس ہونے کا موقع میسر آئیگا، انہوں نے کہا یہ اقدامات دونوں ممالک اور انکے عوام کے مابین مزید قربتوں کا وسیلہ بنیں گے۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا پاکستان اسلامی دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل اور اتحادِ امہ کا زبردست داعی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان انتہائی خوبصورت اور شاندار ملک ہے، سعودی سفیر نے کہا سیاحت کے شعبے میں ترقی کے لئے پاکستان کا خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کیاجانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان وہ عظیم لیڈر ہیں جنکی دنیا عزت کرتی ہے، سعودی سفیر نے کہا وزیراعظم عمران خان کی خدمات اور ویڑن کو پوری اسلامی دنیا خصوصاً سعودی عرب میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ملاقات میں سینٹر فیصل جاوید نے سعودی سفیر کی خدمت میں پاکستانی سیاحت پر ایک کتاب بھی پیش کی