اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر اپنے حلقے کی خبر لینے پہنچے تو لوگوں نے سوالات کی بوچھاڑ کر دی، بارشوں کے پانی سے ستائے علاقہ مکینوں نے انہیں گھیر لیا اور اپنے منتخب کردہ نمائندے سے تابڑ توڑ سوالات کیے۔سرجانی ٹائون کے ووٹروں نے کہا کہ ہوتے کون ہو؟ اور کہاں رہتے ہو؟ جب علاقہ ڈوب رہا تھا تب کہاں تھے؟ اب یہاں کیا لینے آئے ہو؟
عوام نے کہا کہ ہم نے اس لیے ووٹ دیئے تھے کہ ہمیں ہمارے حال پر چھوڑ کر غائب ہو جائو؟ چلے جائو اب یہاں سے ،عوام کے شدید رد عمل پر ایم این اے آفتاب جہانگیر سے کوئی جواب نہ بن پڑا تو انہوں نے وہاں سے کھسکنے میں ہی عافیت جانی۔واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے کراچی میں لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے ، کئی افراد جان سے بھی چلے گئے ، صورتحال بہتر نہ ہونے پر کئی علاقوں سے نقل مکانی جاری ہے ۔