کراچی(این این آئی)تحریک انصاف حکومت کے دو سال مکمل،دو سال میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا۔ چینی 40 روپے، دال ماش 91، دال مونگ 116، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط 232 روپے اور آلو 33 روپے فی کلو مہنگے ہوئے
، مہنگائی کی اوسط شرح 10.74 فیصد رہی۔تحریک انصاف حکومت کے دو سال مکمل ہو گئے ہیں، عام آدمی کے استعمال کی اشیائے ضروریہ آٹا، دال، چاول، نمک، مرچ سب کچھ مہنگا ہو گیا۔ دو سال میں چینی اوسط 40 روپے 08 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ اگست 2018 میں چینی کی اوسط قیمت 55.59 روپے فی کلو تھی جو بڑھ کر اب 95 روپے فی کلو ہوگئی۔ اگست 2018 تا اگست 2020 دال ماش 91 روپے فی کلو مہنگی ہوئی دو سال میں دال مسور 38 روپے, دال مونگ 116 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، اگست 2018 تا اگست 2020 دال چنا 18 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، موجودہ دور میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط 232 روپے اور تازہ دودھ 17 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا، اسی عرصے کے دوران دہی 16 روپے فی کلو مہنگا ہوا، آلو 33 روپے, پیاز 3 روپے فی کلو مہنگے ہوئے، مرغی زندہ برائلر 8 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔اگست 2018 تا اگست 2020 ڈھائی کلو گھی کا ٹن 160 روپے مہنگا ہوا اس طرح مہنگائی 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، مالی سال 2019-20 میں مہنگائی کی اوسط شرح 10.74 فیصد رہی مالی سال 2017-18 میں مہنگائی کی اوسط شرح 4.68 فیصد تھی۔