لاہور (این این آئی)بسنت پر فری سفری سہولیات فراہم کرنے کے مشن کے تحت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے پلان فائنل کر لیا گیا۔ 6 تا 8 فروری تک میٹرو بس سروس، اوورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں سے مفت سفری سہولت فراہم کی جائیگی۔ڈیرہ گجراں سے علی ٹائون تک اورنج لائن میٹرو ٹرین سے روزانہ تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار مسافروں کو سہولت دستیاب ہوگی جبکہ 64 میٹرو بسوں کیساتھ شاہدرہ سے گجومتہ تک فری سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ میٹرو بس سروس کے ذریعے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ مسافر فری سفر کر سکیں گے۔
اسی طرح لاہور فیڈر روٹس کے لئے 188 بسیں، لاہور کے 21 روٹس پر رواں دواں ہوں گیں جبکہ پی ایم اے کے تحت 40 الیکٹرک بسیں لاہور کے 2 روٹس پر فری سفری سہولت فراہم کریں گی۔ روزانہ تقریباً 6 لاکھ مسافر فری سفر کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے فری سفری سہولت کے لئے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بسنت پر شہری بغیر کسی فکر کے مفت سفری سہولت حاصل کریں گے۔















































