سیہون شریف(این این آئی) وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر کسی کے دماغ میں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی ہوا بھری ہے تو وہ دماغ سے نکال دے۔جمعہ کووزیراعلی سندھ مراد علی شاہ صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال کے ہمراہ سیہون کے شہر جوہی پہنچ گئے
وزیراعلی نے سیلابی پانی سے متاثرہ جوہی، واھی پاندھی روڈ اور ایف پی بند کا معائنہ کیا۔مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی بند میں 8مقامات پر شگاف پڑے، قمبر شہداد کوٹ سے منچھر جھیل تک بارشوں سے کافی نقصان ہوا، متاثرین کی رہائش کیلئے چار ہزار ٹینٹس کی ضرورت ہے جن میں سے 33 سو ٹینٹ تیار ہوچکے ہیں، جوہی کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آئین میں کہیں گنجائش نہیں کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے، اگر کسی کے دماغ میں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی ہوا بھری ہے تو وہ دماغ سے نکال دے، اگر کوئی ایسا ایکشن لیا بھی گیا تو سندھ کے عوام اس فیصلے کے خلاف جائیں گے۔